نئی دہلی:29/نومبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) اصول یہ ہے کہ ووٹنگ کے بعداسٹرونگ روم میں تمام ای وی ایم کو سخت حفاظتی انتظامات میں رکھاجائے۔پہرہ ایساہوکہ پرندہ بھی پرنہ مارسکے،اسٹرونگ روم میں غیر قانونی طور پر کسی بھی فرد کا داخلہ ممنوع ہے لیکن چھتیس گڑھ میں معاملہ غضب ہوا۔یہاں تحصیلدار نے اپنے ساتھ غیرقانونی طریقے سے ایک شخص کوای وی ایم کے اسٹرونگ روم میں داخل ہونے کی اجازت دی۔کانگریس لیڈروں کی شکایت درست پائے جانے پر بدھ دیر رات دھمتری کے تحصیل دار راکیش دھرو کو معطل کر دیا گیا ہے۔الزام ہے کہ دھمتری کے تحصیل دار نے اپنے ساتھ غیر مجاز افراد کو بغیر الیکشن کمیشن اور ضلع الیکشن افسر کی اجازت کے اسٹرونگ روم کے اندر داخل کرا دیا تھا۔اس معاملے میں گزشتہ دو تین دنوں سے پوری ریاست میں ایک سیاسی طوفان کھڑاکردیاتھا،تمام سیاسی جماعتیں اپنے اپنے طریقے سے مظاہرہ کرکے کارروائی کا مطالبہ کررہے تھے۔اس معاملے میں تو چھتیس گڑھ کانگریس کے قدآور لیڈران نے ریاست کے چیف الیکشن آفیسر سبرت ساہو سے منگل کی ہی دیر رات ملاقات کرکے معاملے کی جانکاری بھی دی تھی۔کانگریس کی شکایت کے بعد رپورٹ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر دھمتری سے رپورٹ لی گئی تھی،شکایت درست تھی اس کے مطابق یہ کارروائی تحصیلدار کے خلاف کی گئی ہے۔چیف الیکشن آفیسر کی ہدایت کے مطابق رائے پور پور ڈیپارٹمنٹ کے کمشنر جی آر سریندر نے یہ حکم جاری کیا ہے۔جاری کردہ آرڈر کے مطابق تحصیلدار راکیش دھرو کو انتخابی ہدایات کے خلاف ورزی کے لئے معطل کر دیا گیا ہے۔غور طلب ہے کہ 27نومبر کو دھمتری کے کلکٹر کے آگے لائی ہلیہڈ کالج میں قائم ا سٹرونگ روم احاطے میں غیر مجاز افراد کے داخل کرائے جانے کے سلسلے میں شکایت کمیشن سے کی گئی تھی۔چھتیس گڑھ اسمبلی انتخابات 2018میں بھلے ہی پولنگ ہو گئی ہو لیکن باوجود اس کے امیدواروں کو EVMمیں نقب زنی کا ڈر ستا رہا ہے۔خوف یہ ہے کہ کارکنوں کو چھوڑچھوڑئے خود امیدواروں نے اسٹرونگ روم کے باہرخیمے لگاکر نگرانی کرنے کے لئے بیٹھے ہیں۔پورا معاملہ چھتیس گڑھ 2018کے کوڈاگاو ضلع کے کیشکال اور کوڈاگاؤں اسمبلی سیٹ کا ہے،اگرچہ یہاں انتخابات کے بعد ای وی ایم مشین کو اسٹرانگ روم میں جمع کراکر سیل کر دیا گیا تھاساتھ ہی اس کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہ ہو اس کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں۔